حنا پرویز بٹ کا ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم میں قائم ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا دورہ

جہلم: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرچیئرپرسن پنجاب ویمن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم میں قائم ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ، ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور ایس پی انویسٹیگیشن جہلم محمد حسیب راجہ کے چیئر پرسن پنجاب ویمن اتھارٹی کو ڈی پی او آفس جہلم آمد پر خوش آمدید کہا۔

ڈی پی او جہلم نے موضع ہرن پور ، پنڈ دادنخان میں مسمات زاہدہ بیگم کو اسکی سوتیلی بیٹی کی طرف سے آگ لگا کر جلائے جانے اور قتل کرنے کے واقعہ میں ہونے والی تفتیش اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

بعد ازاں چیئر پرسن پنجاب ویمن اتھارٹی نے ڈی پی او آفس میں قائم ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں ڈی پی او جہلم نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی ورکنگ کے متعلق چیئر پرسن کو خصوصی بریفنگ دی۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن خواتین پر تشدد ، ہراسگی اور جنسی جرائم کی ایف آئی آر کے اندراج ، تفتیش کے مراحل اور ٹرائل تک کے تمام مراحل میں خواتین کو راہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ خواتین گھر بیٹھے 15کال،ویمن سیفٹی ایپ کے لائیو چیٹ فیچر کے ذریعے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے مکمل اعتماد اور رازداری کے ساتھ اپنے مسائل لیڈیز پولیس افسران سے شیئر کر سکتی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنانے کے لئے اور خواتین شکایت کنندگان کی سہولت کے لیے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں اعلی تعلیم یافتہ لیڈیز پولیس کمیونیکیشن آفیسرز کو تعینات کیا گیا ہے.

اس موقع پر چیئر پرسن پنجاب ویمن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین کو درپیش تمام مسائل بشمول جنسی ہراسگی کا ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا قیام اسی سلسلہ کی اہم کڑی ہے۔

Exit mobile version