جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کی صفائی ستھرائی کے نظام، طبی و نان میڈیکل سٹاف کی حاضری اور مریضوں کے لیے ادویات کی دستیابی کو باریک بینی سے چیک کیا، جبکہ متعلقہ ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مریضوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ان سے علاج معالجہ، دستیاب سہولیات اور عملے کے رویے کے حوالے سے فیڈبیک حاصل کیا، اور ان کے مسائل کو سن کر موقع پر ہی بہتری کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، سٹاف کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ادویات کی بروقت فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
