جہلم: دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کا انعقاد کیا، جس کے دوران مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت بنایا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق پولیس نے ضلع کے 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کرتے ہوئے مجموعی طور پر 412 افراد، 158 گھروں اور 14 بس اسٹینڈز و ہوٹلوں کی چیکنگ کی۔ اس دوران تھانہ سول لائنز کے علاقے سے ایک غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ سرچ آپریشنز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، امن و امان کے قیام اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے گئے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
