جہلم پولیس نے نام نہاد ’’ڈالا کلچر‘‘ کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے تھانہ سول لائنز کے علاقے میں اہم کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے ڈالا کلچر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک پسٹل 30 بور، ایک رائفل 223 بور معہ 130 روند، پانچ میگزینز اور بنڈولیر برآمد کیے گئے، جبکہ استعمال ہونے والا ویگو ڈالا بھی پولیس نے قبضے میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا اپنی مرضی سے قانون نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون شکن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے یا طاقت کے بل بوتے پر قانون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
