جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلعی زراعت مشاورتی کمیٹی اور انسدادِ ملاوٹ ٹاسک فورس کی سب کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے کی۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ضلع میں کھادوں اور زرعی ادویات کی فراہمی اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سنیہ صافی نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کسانوں کو معیاری زرعی مداخل کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے انسدادِ ملاوٹ ٹاسک فورس کو متحرک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر معیاری کھاد اور جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کا معاشی استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر فیلڈ افسران کو ڈیلرز کے اسٹاک اور پیمانوں کی باقاعدہ چیکنگ کی ہدایت دی گئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ کاشتکاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ زرعی پیداوار کے اہداف شفاف طریقے سے حاصل کیے جا سکیں۔
