جہلم: چک جمال ہاکی گراؤنڈ میں کینٹ ہیرو ہاکی کلب کی نگرانی اور برطانیہ میں مقیم فہد جٹ کی خصوصی کاوش اور تعاون سے ایک شاندار ہاکی شو میچ اور عید ملن جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں جہلم، چکوال اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے نامور سینئر ہاکی کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ویٹرنز کھلاڑیوں کے نمائشی میچ سے ہوا، جس میں 40 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں پر مشتمل جہلم گرین اور جہلم ریڈ کی ٹیمیں مدِمقابل آئیں۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
بعد ازاں کینٹ ہیرو ہاکی کلب چک جمال اور چکوال کی مایہ ناز ٹیم کے درمیان ایک دلچسپ اور سنسنی خیز شو میچ کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اعلیٰ معیار کی ہاکی پیش کرتے ہوئے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور قومی کھیل کی خوبصورتی کو اجاگر کیا۔
منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد سینئر اور سابق کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا، عید ملن جشن منانا اور قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر جہلم کے متعدد سابق اور موجودہ ہاکی کھلاڑی، سپورٹس شخصیات اور ہاکی کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ چکوال ٹیم کی جانب سے محمود صاحب نے اپنی ٹیم کے لیے خوبصورت ٹرافی اور نقد انعام وصول کیا، جبکہ کینٹ ہیرو ہاکی کلب چک جمال کی جانب سے سید امیر شاہ نے ٹرافی اور نقد انعام حاصل کیا۔
شرکاء نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین اور برطانیہ میں مقیم فہد جٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلے نہ صرف کھلاڑیوں کے درمیان محبت، بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو قومی کھیل ہاکی سے جوڑنے اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ اس کا کھویا ہوا مقام دلانے میں مدد مل سکے۔
