جہلم میں بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، کاروبار اور گھریلو نظام بری طرح متاثر

جہلم شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بجلی اور گیس کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق محمودہ آباد، چشتیاں محلہ، ضلع کچہری، پروفیسر کالونی ڈنگی پلی اور رجی پور سمیت دیگر علاقوں میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وفاقی اداروں کی جانب سے بجلی اور گیس کی بندش کا کوئی واضح شیڈول نہیں، جس سے عوام کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔

گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ چھوٹے کاروباری طبقے کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق گیس کی بندش اور کم پریشر کے باعث صبح و شام کے اوقات میں کھانا پکانا مشکل ہو گیا ہے اور گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب بجلی کی بار بار بندش سے طلبہ و طالبات کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ کاروباری اداروں میں پیداواری عمل سست روی کا شکار ہو گیا ہے۔

شہریوں نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی اور وزیر پٹرولیم سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

Exit mobile version