جہلم شہر، جی ٹی روڈ اور تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف ہوٹلوں میں مبینہ طور پر حفظانِ صحت کے اصولوں کے برعکس غیر معیاری اور مضرِ صحت کھانوں کی فروخت جاری رہنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
شہریوں کے مطابق سخت گرمی اور حبس کے موسم میں غیر معیاری کھانے کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں میں کھانے کی تیاری، صفائی ستھرائی اور اشیائے خورونوش کے معیار کی باقاعدہ جانچ پڑتال نہ ہونے کے باعث صورتحال تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی متعلقہ چیکنگ ٹیموں کی مؤثر کارروائیاں نظر نہیں آ رہیں، جس سے مبینہ طور پر بعض ہوٹل مالکان حفظانِ صحت کے تقاضوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے شہریوں رزاق احمد، چوہدری زبیر گجر، عبداللہ بیگ، ناصر جاوید، حافظ ارسلان اور دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ملاوٹ زدہ یا غیر معیاری کھانے فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاکہ شہریوں کو ممکنہ بیماریوں اور صحت کے مسائل سے محفوظ رکھا جا سکے۔
