جہلم ایلیٹ فورس کی گاڑی مریدکے موٹروے انٹرچینج کے قریب حادثے کا شکار، دو پولیس جوان شہید، چار زخمی

جہلم ایلیٹ فورس کی گاڑی مریدکے موٹروے انٹرچینج کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، حادثے میں دو پولیس جوان شہید اور چار اہلکار زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایلیٹ فورس جہلم کے جوانوں کی گاڑی لاہور اسپیشل ڈیوٹی پر جاتے ہوئے مریدکے موٹروے انٹرچینج کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو پولیس جوان شہید جبکہ چار اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور شہدا کے جسد خاکی سمیت زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس کے جوان سرکاری ڈیوٹی کی ادائیگی کے لیے لاہور جا رہے تھے کہ مریدکے موٹروے انٹرچینج کے قریب گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں ڈرائیور کانسٹیبل اصغر علی اور کانسٹیبل نوید افضل شہید ہوگئے، جبکہ چار اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

زخمی اہلکاروں میں کانسٹیبل سرمد، ہیڈ کانسٹیبل فائق الطاف، کانسٹیبل ہارون اور کانسٹیبل مدثر شامل ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے لاہور کے میو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سینئر پولیس افسران ان کی عیادت اور علاج معالجے کی نگرانی کے لیے موجود ہیں۔ شہید پولیس جوانوں کے جسدِ خاکی جہلم منتقل کیے جا رہے ہیں۔

شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز جہلم میں ادا کی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے حادثے میں دو پولیس جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس جوان محکمہ پولیس کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جہلم پولیس دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔

↑
Exit mobile version