پنڈ دادنخان میں امام مساجد کے لیے پے آرڈرز کی تقسیم مکمل

55

پنڈ دادنخان: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مذہبی طبقات کی خدمات کے اعتراف کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر تحصیل پنڈ دادنخان میں امام مساجد کے لیے حکومتِ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ پے آرڈرز کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک نجی میرج ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین نے امام صاحبان میں پے آرڈرز تقسیم کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے تقریب کے دوران پے آرڈرز کی تقسیم کے عمل کی خود نگرانی کی۔ امام صاحبان کی سہولت اور رہنمائی کے لیے میونسپل کمیٹی میں باقاعدہ ڈیسک قائم کیا گیا تھا، جہاں تمام انتظامی امور اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال شفاف انداز میں مکمل کی گئی۔ اس ڈیسک کے ذریعے امام صاحبان کو پے آرڈرز کے حصول میں مکمل معاونت فراہم کی گئی۔

تقریب میں شریک امام مساجد نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین کی موجودگی میں منعقدہ تقریب اور میونسپل کمیٹی میں فعال ڈیسک کی بدولت پے آرڈرز کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی، جبکہ ان کے دیگر مسائل کو بھی توجہ سے سنا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر پنڈ دادنخان میں امام مساجد کے لیے پے آرڈرز کی تقسیم کا یہ مرحلہ مکمل شفافیت کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچا دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق میونسپل کمیٹی میں قائم ڈیسک آئندہ بھی امام صاحبان کو درکار رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک رہے گا۔

Exit mobile version