ضلع بھر میں 17 سرچ آپریشنز، منشیات فروشوں سمیت متعدد ملزمان گرفتار

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں 17 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 487 افراد، 194 گھروں اور 21 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

دورانِ سرچ آپریشن ضلع کے مختلف تھانوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 3 کلو 800 گرام چرس، ایک کلو 830 گرام آئس اور 14 کلو سے زائد بھنگ برآمد کی گئی۔

اسی طرح مختلف کارروائیوں کے دوران 7 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 2 پسٹل اور 12 بور رائفل معہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔

پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں اپنے قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version