جہلم سمیت پنجاب بھر میں دکانوں کے باہر اور گلی محلوں میں سامان رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ پیرا فورس کی جانب سے سخت کارروائیاں کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) نے جہلم سمیت پنجاب بھر کے دکانداروں کو خبردار کیا ہے کہ 28 ستمبر سے دکانوں کے باہر کسی بھی قسم کا سامان یا ڈسپلے رکھنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
حکام کے مطابق دکان کے شٹر کے باہر سامان رکھنے والے دکانداروں کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ مہم کے تحت سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے لیے دکانیں سیل کرنے، بھاری جرمانے عائد کرنے اور گرفتاری کے اقدامات ممکن ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں کسی بھی سیاسی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا اور مداخلت کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پیرا فورس نے تمام دکانداروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری خود اٹھائیں، کیونکہ بعد میں کسی قسم کی شنوائی نہیں ہوگی اور قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ اقدام شہری سہولت، ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری اور گلی محلوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ عام شہری بلا روک ٹوک نقل و حمل کر سکیں اور کاروباری ماحول منظم بنایا جا سکے۔
