ڈپٹی کمشنر جہلم میں فوری وکس سینٹر قائم کریں۔ کمشنر لیاقت علی چٹھہ

کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ سموگ کا خطرہ نومبر کے آخر تک رہتا ہے اس لئے اسکی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں انسداد سموگ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذارت علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نبیل سندھو، سیکرٹری آر ٹی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ ماریہ سفیر نے جبکہ ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق، اٹک اور چکوال نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ سموگ کی سب سے اہم وجہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں، بھٹے اور فصلوں کی باقیات کو جلانا ہے۔ اس ضمن میں دھواں چھوڑنے والی تمام گاڑیوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ضلع راولپنڈی میں وکس کے دو سینٹر فعال ہیں جبکہ اٹک اور چکوال میں ایک ایک سینٹر فعال ہے۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو ہدایت کی کہ وہ بھی اپنے ضلع میں وکس سینٹر فوری قائم کریں تا کہ تمام گاڑیوں کے لئے ضروری ہو کہ وہ روڈ پر آنے سے قبل وکس سے اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ ضرور لیں۔ اسکے ساتھ ساتھ محکمہ ماحول بھٹوں کی بھی خصوصی نگرانی کریں اور انکی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی یقینی بنائیں۔لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ہر زمیندار سے سرٹیفیکٹ لیا جائے کہ وہ اپنی فصل کے باقیات کو ہرگز نہیں جلائیں گے۔

اس موقع پرراولپنڈی میں کی جانے والی کاروائیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ یکم اگست 2023 سے اب تک آر ٹی اے اور سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے 1363گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ جن میں سے 814کو چالان اور 86گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 07 لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

Exit mobile version