نادرا نے شادیوں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرا دیا

جہلم: نادرا نے شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں نکاح کے اندراج اور میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت نکاح کے اندراج سے لے کر شادی کے سرٹیفکیٹ کے حصول تک تمام مراحل پاک آئی ڈی اکاؤنٹ کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں گے۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت نکاح رجسٹرار اپنے پاک آئی ڈی اکاؤنٹ کے ذریعے نکاح کا ریکارڈ آن لائن درج کر سکے گا، جس کے بعد ڈیجیٹل میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جائے گا۔

نئے طریقہ کار کے مطابق جاری ہونے والا میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نہ صرف نکاح رجسٹرار بلکہ دولہا اور دلہن کے پاک آئی ڈی اکاؤنٹس میں بھی دستیاب ہوگا، جس سے متعلقہ افراد اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے سرٹیفکیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

مزید برآں، اس نئے نظام کے تحت نادرا کے قومی ریکارڈ میں میاں بیوی کی ازدواجی حیثیت بھی خودکار طریقے سے اپ ڈیٹ ہو جائے گی۔ اس ڈیجیٹل سہولت کا مقصد نکاح کے اندراج اور میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کو آن لائن سہولیات فراہم کرنا ہے۔

↑
Exit mobile version