جہلم شہر میں تجاوزات اور مہنگائی کنٹرول کے لیے قائم پیرا فورس بھی ناکام دکھائی دینے لگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کو سستی روٹی اور اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کے اقدامات کے ثمرات تاحال ضلع جہلم کے عوام تک نہ پہنچ سکے۔ دکانداروں نے خود ساختہ نرخ مقرر کرکے صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر رکھا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سستی روٹی، نان، دودھ، دہی، گوشت، آٹا اور چینی سمیت بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کیے گئے تھے۔ ان اعلانات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیرا فورس کا قیام عمل میں لایا گیا، تاہم یہ فورس ابتدائی 10 سے 15 دن متحرک رہی جس کے بعد کارروائیاں آہستہ آہستہ ٹھنڈی پڑ گئیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے بازاروں میں ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشہ مافیا نے دوبارہ تجاوزات قائم کر لی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک مسائل اور عوامی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب دکانداروں نے سرکاری نرخ ناموں کے برعکس اشیائے خوردونوش فروخت کرنی شروع کر دی ہیں، جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈی جی پیرا سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے والوں اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم ہو سکے۔
