ہائی ویکمب: برطانیہ کے شہر ہائی ویکمب میں ایک پُرمغز ملاقات کے دوران میئر کونسلر ماجد حسین نے پاکستان سے آئے ہوئے معروف ماہر تعلیم اور ایس ایل ایس کالج کے منیجنگ ڈائریکٹر سرفراز ملک اور ان کے وفد کو کونسل ہال میں پرتپاک خوش آمدید کہا۔
ملاقات کے دوران میئر ماجد حسین نے ہائی ویکمب کونسل کی تاریخی روایات کا تذکرہ کیا، جن میں میئر کا عہدہ سنبھالنے اور اختتام پر رسمی طور پر وزن تولنے کی دلچسپ روایت شامل ہے۔ انہوں نے اسے عوامی خدمت میں شفافیت اور جواب دہی کی خوبصورت علامت قرار دیا۔
میئر نے اپنے آبائی گاؤں، لہری کھڑی (ضلع میرپور، آزاد کشمیر) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی پاکستانی شناخت پر فخر ہے، اور برطانیہ میں مقامی کمیونٹی کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت عدنان ڈرائیونگ اسکول کے سی ای او جناب عدنان احمد نے کی، جنہوں نے مہمانوں کا تعارف کروایا اور اس ملاقات کا انتظام کیا۔
ملاقات میں تعلیم، بین الثقافتی ہم آہنگی، اور پاک-برطانیہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ آخر میں دونوں جانب سے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
