جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز، 393 افراد اور 167 گھروں کی چیکنگ، اسلحہ برآمد

جہلم: دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 393 افراد، 167 گھروں اور 17 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔

ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تھانہ پنڈ دادنخان کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لیا گیا۔

جہلم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ سرچ آپریشنز دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کا حصہ ہیں، جبکہ حساس اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

پولیس کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم یا ناخوشگوار واقعے کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Exit mobile version