اسسٹنٹ کمشنر دینہ کا تحصیل کمپلیکس، اراضی ریکارڈ سینٹر اور آر ڈبلیو ایم سی کنٹرول روم کا دورہ

21

دینہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی سہولیات کی فراہمی کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے تحصیل کمپلیکس، اراضی ریکارڈ سینٹر (ARC) اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا۔

اراضی ریکارڈ سینٹر کے معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے پایا کہ تمام عملہ اپنی نشستوں پر موجود تھا اور سائلین کو بروقت سہولیات فراہم کی جا رہی تھیں۔ انہوں نے کمپیوٹرائزڈ ٹوکن سسٹم کا بھی جائزہ لیا جو مکمل طور پر فعال پایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے عملے کو ہدایت کی کہ ریکارڈ کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

دورے کا مقصد سرکاری دفاتر میں عملے کی حاضری، سروس ڈیلیوری کے معیار اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

بعد ازاں تحصیل کمپلیکس میں قائم آر ڈبلیو ایم سی کے کنٹرول روم کا معائنہ کیا گیا، جہاں سے شہر بھر میں صفائی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی تھی۔ کنٹرول روم کو مکمل طور پر آپریشنل پایا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے ہدایت کی کہ شدید سردی اور خراب موسمی حالات کے باوجود شہر کے تمام علاقوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دورے کے دوران یہ بھی مشاہدہ کیا گیا کہ شدید سردی اور دھند کے باعث دفاتر میں سائلین کی آمد و رفت معمول سے کم رہی، تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے تمام افسران اور عملے کو پابند کیا کہ وہ اپنی حاضری ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے شہریوں کو مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے دورے کی تفصیلی رپورٹ ڈپٹی کمشنر جہلم کو ارسال کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومتی ایجنڈے کے مطابق عوامی خدمت کا عمل موسم کی سختی کے باوجود بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔

Exit mobile version