ضلع جہلم میں گندم کی بیجائی کا آغاز، 2 لاکھ 11 ہزار ایکڑ رقبے پر کاشت کا ہدف مقرر

جہلم: ضلع جہلم میں گندم کی بیجائی کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ رواں سال کے لیے 2 لاکھ 11 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں ضلعی گندم کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہلم ایلینہ ریحان نے کی۔ اجلاس میں متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی اور گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے پیداواری مقابلہ منعقد کیا جائے گا، جس کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقوں سے استفادہ کرنے اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے متحرک کیا جائے گا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن ضلع جہلم ڈاکٹر محمد احمد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ زراعت کی 13 ٹیمیں متحرک ہیں، جو مختلف دیہات میں جاکر کاشتکاروں کو گندم کی بہتر کاشت، موزوں بیج کے انتخاب اور جدید زرعی طریقوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال گندم کی بیجائی کے لیے زمین میں وتر کی مناسب مقدار موجود ہے، جس کے باعث ضلع کے بارانی علاقوں میں بھی گندم کی کاشت آسانی سے کی جاسکے گی۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ گندم کی کاشت کے لیے تصدیق شدہ بیج استعمال کریں، لائنوں میں کاشت کے طریقے کو ترجیح دیں اور بہتر پیداوار کے حصول کے لیے زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں۔

ڈاکٹر محمد احمد نے مزید کہا کہ کاشتکار 15 نومبر سے قبل گندم کی بیجائی مکمل کرنے کی کوشش کریں تاکہ فصل کی بہتر نشوونما اور مطلوبہ پیداوار کے حصول کے امکانات بڑھائے جاسکیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہلم ایلینہ ریحان نے محکمہ زراعت کی جاری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی محکمہ زراعت اور اس کے متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے گندم کی بیجائی کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کاشتکاروں کو بروقت رہنمائی فراہم کرکے گندم کی کاشت کے رقبے اور پیداوار میں اضافے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

↑
Exit mobile version