دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد کی خصوصی دلچسپی اور عوامی فلاح و بہبود کے مشن کے تحت رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) دینہ کو جدید سرجیکل آلات اور ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں آر ایچ سی دینہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جہاں نور ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ نے طبی سامان اور ادویات انچارج آر ایچ سی کے حوالے کیں۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر مظہر حیات بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے کہا کہ انتظامیہ کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نور ویلفیئر سوسائٹی جیسے فلاحی ادارے حکومت کے لیے مضبوط معاون ثابت ہو رہے ہیں، اور عوامی مسائل کے حل میں سماجی تنظیموں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ ایسے تمام فلاحی اقدامات کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ کی قیادت میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی مانیٹرنگ اور تعاون سے سرکاری صحت کے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مریضوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
نور ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ نے اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوسائٹی مستقبل میں بھی انتظامیہ کے شانہ بشانہ صحت، تعلیم اور فلاحِ عامہ کے شعبوں میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
واضح رہے کہ نور ویلفیئر سوسائٹی اس سے قبل بھی اسسٹنٹ کمشنر کی رہنمائی میں آر ایچ سی دینہ کو ضروری سامان فراہم کرتی رہی ہے، جو اس کے تسلسل اور خلوص کا واضح ثبوت ہے۔
