پنڈدادنخان میں چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم گرفتار، نقدی اور مال مسروقہ برآمد

پنڈدادنخان: جلالپور شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کے مقدمہ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے چھینی گئی رقم اور مال مسروقہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے خفیہ معلومات اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ سولر پلیٹیں اور تاریں جن کی مالیت تقریباً 50 ہزار روپے بتائی جاتی ہے جبکہ نقدی 30 ہزار روپے بھی برآمد کر لی۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مضبوط شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اسے چالان مکمل کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈی پی او جہلم نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Exit mobile version