جہلم پولیس نے اغواء کے ایک مقدمے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر کے ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ چوٹالہ میں درج اغواء کے مقدمے میں مغویہ کی تلاش جاری تھی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی اور پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید تفتیشی طریقہ کار اور مسلسل کوششوں کے ذریعے مغویہ کی بازیابی کے لیے مؤثر کارروائی کی۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاعات اور جدید تکنیکی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغویہ کی بازیابی کے بعد تمام قانونی تقاضے مکمل کیے گئے، جس کے بعد اسے بحفاظت اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کا خاتمہ اور مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
