جہلم پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور چوری کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث صفدرو گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث صفدرو گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد چوری شدہ موٹر سائیکل اور دیگر وارداتوں سے حاصل ہونے والے مالِ مسروقہ کو فروخت کرنے کے بعد حاصل کی گئی 10 لاکھ 85 ہزار روپے کی رقم برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان رش والی جگہوں پر بغیر لاک کے کھڑے موٹر سائیکلوں کو مبینہ طور پر نشانہ بناتے اور انہیں چوری کر لیتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر گھروں کی ریکی بھی کرتے تھے اور بعد ازاں گھروں سے قیمتی سامان، مویشی اور دیگر اشیاء چوری کرنے کی وارداتیں کرتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور تفتیش کے دوران گینگ کی دیگر وارداتوں، ساتھیوں اور چوری شدہ مال کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف دستیاب شواہد کی بنیاد پر مقدمات کی تفتیش مکمل کی جائے گی اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
