محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کمشنر انجینئر عامر خٹک

جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، امام بارگاہوں کی سیکیورٹی، امن و امان کی مجموعی صورتحال، ٹریفک مینجمنٹ پلان، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، ریسکیو اور طبی سہولیات سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے جاری تیاریوں اور انتظامات سے آگاہ کیا۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات پر تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے محرم الحرام کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے جامع پلان مرتب کیا گیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

کمشنر راولپنڈی نے زور دیا کہ صفائی ستھرائی، نکاسی آب، بجلی کی فراہمی، سٹریٹ لائٹس، ٹریفک کنٹرول اور طبی سہولیات کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عزاداروں کی سہولت اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ، جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد، امام بارگاہوں کی فول پروف سیکیورٹی اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ محرم الحرام کے دوران تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے تاکہ ضلع بھر میں امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

Exit mobile version