جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں پابندی کے باوجود کوڑے کو آگ لگانے کا سلسلہ تھم نہ سکا،چیک اینڈ بیلنس کا فقدان ،آس پاس کے مکینوں کیلئے صورتحال پریشان کن ہے۔
تفصیلات کے مطابق پابندی کے باوجود میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکر ز کوڑا کرکٹ جمع کر کے گلی محلوں کے چوک چوراہوں میں آگ لگادیتے ہیں جس سے اٹھنے والے دھوئیں سے جراثیم ماحول میں پھیل کر ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنتے ہیں۔
جہلم شہر کے مختلف علاقوں میں صورتحال پر مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز کوڑا کرکٹ فلیتھ ڈپوؤں میں منتقل کرنے کی بجائے گلی محلوں میں جمع کرکے آگ لگا دیتے ہیں جس سے اٹھنے والا زہریلا دھواں بیماریوں کا باعث بنتا ہے ۔
رواں برس لاہور ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان نے کوڑا کرکٹ سمیت فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر سخت پابندی عائد کررکھی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ آگ لگانے والے سینٹری ورکرز کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور سینٹری ورکرز کو کوڑا کرکٹ فلیتھ ڈپوؤں میں منتقل کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ ماحول آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے۔
