وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف کا جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت بائیومیٹرک اور چہرے کی تصدیق کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق پنشنرز اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی کے ذریعے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ موبائل ایپ استعمال نہ کرنے والے پنشنرز کے خاندان کا کوئی بھی فرد ان کی جانب سے سرٹیفکیٹ بنوا سکے گا۔
بیان کے مطابق پروف آف لائف کی مفت سہولت ملک بھر میں 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز، 988 نادرا مراکز اور 500 یونین کونسلوں پر بھی دستیاب ہوگی، جہاں پنشنرز کو ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔
نادرا نے سی جی اے اور ایم اے جی کے پنشنرز کے لیے نیشنل پنشنرز رجسٹر بھی قائم کیا ہے، جو رجسٹرڈ پنشنرز کی شناخت اور پروف آف لائف اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کا مستند ذریعہ ہوگا۔
ترجمان کے مطابق پنشنر کی وفات کی صورت میں ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول پی آر ایم ایس میں درج ہونے پر پنشن کنٹرولر کو اطلاع موصول ہوجائے گی، جبکہ ثانوی یا فیملی پنشنرز کی عمر اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی اطلاع بھی متعلقہ نظام کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پنشن جاری رکھنے، تبدیل کرنے یا بند کرنے کا فیصلہ متعلقہ مجاز پنشن اتھارٹی کرے گی، جبکہ مجاز بینک براہِ راست پنشنر کا پروف آف لائف اسٹیٹس چیک کرسکیں گے۔
نادرا کے مطابق ڈیجیٹل تصدیق کے نظام سے پنشن کے حصول کے لیے پنشنرز کی بار بار ذاتی حاضری اور کاغذی تصدیق کی ضرورت کم ہوگی۔ مستقبل میں دیگر سرکاری اداروں کے پنشنرز کو بھی نیشنل پنشنرز رجسٹر میں شامل کیا جائے گا۔
