کھیوڑہ چوآ سیدن روڈ پر سکول کے طلبہ کو سیر کے لیے لے جانے والی کوسٹر حادثے کا شکار ہو گئی، حادثے میں 27 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں کھیوڑہ سالٹ مائن کے قریب پڈھ گاؤں کے مقام پر لاہور سے سکول کے طلبہ کو سیر کے لیے لے جانے والی کوسٹر حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 27 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 21 طلبہ، 5 اساتذہ اور گاڑی کا ڈرائیور شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 14 نومبر کو دوپہر 2 بج کر 35 منٹ پر کمانڈ اینڈ کنٹرول چکوال کو ضلع منڈی بہاؤالدین کنٹرول کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ لاہور سے سکول کے بچوں کو چوآ سیدن شاہ اور کھیوڑہ سالٹ مائن کی سیر کے لیے لے جانے والی کوسٹر کو حادثہ پیش آیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ حادثہ ضلع چکوال اور جہلم کی سرحد سے تقریباً 150 میٹر آگے ضلع جہلم کی حدود میں پڈھ گاؤں کھیوڑہ روڈ پر پیش آیا، جہاں موڑ کاٹتے ہوئے کوسٹر بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 27 افراد زخمی ہوئے، جن میں 21 سکول کے طلبہ، 5 اساتذہ اور ایک ڈرائیور شامل ہیں۔ زخمیوں کو سر پر چوٹیں، جسم کے مختلف حصوں پر خراشیں اور کٹ لگنے سمیت دیگر معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کسی زخمی کی حالت تشویش ناک نہیں بتائی گئی۔
حادثے کی اطلاع پر چکوال سے دو ایمبولینسز جبکہ ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان سے ایک ایمبولینس موقع پر روانہ کی گئی۔ تینوں ایمبولینسز کے ذریعے تمام 27 زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چوا سیدن شاہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو رپورٹ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد واپس لاہور روانہ کرنے کے لیے دو کوسٹرز کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، جبکہ تمام 27 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
