دینہ شہر میں پرچی مافیا کا راج، شہریوں سے جبری اسٹینڈ ٹیکس وصولی معمول بن گئی

دینہ شہر میں موٹر سائیکل اسٹینڈز کے نام پر جبری پرچی ٹیکس وصولی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

پرچی مافیا کی جانب سے جگہ جگہ اسٹینڈز قائم کر کے شہریوں سے زبردستی بھتہ لیا جا رہا ہے، جس کے باعث آئے روز تلخ کلامی، جھگڑے اور بدنظمی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

دینہ شہر میں پرچی مافیا نے موٹر سائیکل پارکنگ کے نام پر خود ساختہ اور غیرقانونی اسٹینڈ قائم کر رکھے ہیں، جہاں پر ٹھیکیدار اور اس کے کارندے شہریوں سے زبردستی پرچی کے نام پر رقم وصول کرتے ہیں۔ اس عمل کے دوران نہ صرف عوام کے ساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے بلکہ انکار پر ہاتھا پائی اور گالم گلوچ بھی معمول بن چکا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سارا نظام بغیر کسی چیک اینڈ بیلنس کے چل رہا ہے اور پرچی مافیا پولیس یا انتظامیہ کی گرفت سے آزاد دکھائی دیتا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرقانونی اسٹینڈز کو فوری ختم کیا جائے اور اس غیر قانونی بھتے کی وصولی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔

اہلیانِ دینہ نے اس صورت حال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔

Exit mobile version