چوہدری فرخ الطاف کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، حلقہ کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو

اسلام آباد/جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں حلقہ انتخاب کے مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی، چوہدری فرخ الطاف، ریاض الحق، شاہد عثمان اور بابر نواز خان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقات کے دوران چوہدری فرخ الطاف نے وزیراعظم کو اپنے حلقہ انتخاب کی مجموعی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل اور جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حلقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر چوہدری فرخ الطاف نے حلقہ میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں اور عوامی ضروریات کے مطابق مزید منصوبوں کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے حلقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں حلقے کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی نمائندگی سے متعلق امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طلحہ برکی اور وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال بھی موجود تھے۔

Exit mobile version