جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے سیف سٹی جہلم اور محرم الحرام کے لیے قائم خصوصی مانیٹرنگ روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات اور مجالس و جلوسوں کی نگرانی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انچارج سیف سٹی جہلم نے ڈی پی او جہلم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی، جلوسوں کے روٹس، مجالس اور حساس مقامات کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے مانیٹرنگ روم کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی مسلسل اور مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام افسران اور اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں اور بروقت ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مذہبی اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی مانیٹرنگ روم چوبیس گھنٹے فعال رہے گا اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید مانیٹرنگ سسٹم، سیف سٹی کیمروں اور پولیس کی مربوط حکمت عملی کے ذریعے سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ عزاداران اور شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
