ڈپٹی کمشنر جہلم کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس، ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران پی ایل یو ایس ای پروگرام کی پیش رفت، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا اور ریونیو ریکارڈ کی بہتری سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو شفاف، بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ریونیو سے متعلقہ معاملات میں جدید نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے۔

اجلاس میں واسا جہلم کے تحت جاری منصوبوں، مین ہولز کی کورنگ، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، صفائی ستھرائی کے انتظامات، بیوٹیفیکیشن اسکیموں اور شہری سہولیات سے متعلق دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔

اس موقع پر حکومتی کفایت شعاری اقدامات اور مختلف محکموں کی کارکردگی کے کلیدی اشاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال، بین المحکمانہ رابطوں کے فروغ اور مقررہ اہداف کے بروقت حصول پر خصوصی زور دیا۔

میر رضا اوزگن نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور بہتر طرز حکمرانی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے حکومتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

Exit mobile version