سوہاوہ کی نیلی جل کر راکھ ہو گئی

سوہاوہ کی حدود میں واقع نیلی پہاڑ کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کر لی ہے، جس کے باعث قیمتی جنگلات کے وسیع رقبے کے جل کر تباہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ رات کے وقت آگ کے بلند شعلے دور دراز آبادیوں سے بھی واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں نیلی پہاڑ کے جنگلات میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے، جبکہ رات کے اوقات میں آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق اگر بروقت آگ پر قابو نہ پایا گیا تو پہاڑ کی چوٹیوں پر موجود قیمتی جنگلات، قدرتی نباتات اور جنگلی حیات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

آگ کے شعلے شاہ سفیر، سوگیال، تھتھال، ڈھوک نیاز علی، تھاتھی، گدڑال اور پڑی درویزہ سمیت متعدد آبادیوں سے واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جس کے باعث اہلِ علاقہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر جہلم، کنزرویٹر آف فاریسٹ راولپنڈی اور صوبائی سیکرٹری جنگلات پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے فوری ہنگامی اقدامات کیے جائیں، متعلقہ عملہ اور ضروری وسائل متاثرہ مقام پر روانہ کیے جائیں اور قیمتی جنگلات کو مزید نقصان سے بچایا جائے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ جنگلات نہ صرف ماحول کے حسن کا اہم حصہ ہیں بلکہ موسمیاتی توازن برقرار رکھنے، فضائی آلودگی میں کمی، بارشوں کے نظام اور جنگلی حیات کے تحفظ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی بھی مرتب کی جائے۔

Exit mobile version