جہلم:ملک بھر کی طرح ضلع جہلم اور گردونواح میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ جلوسوں، مجالس اوردیگر تقریبات میں علمائے کرام نے سید الشہداء حضرات امام حسین ؑ اور ان کے رفقا کو خراج تحسین پیش کیا گیا، سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، عزادرانِ حسین سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم اور گردونواح میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی جلوس، مجالس، زنجیر زنی، سینہ کوبی، شبِ غم کی محافل اور مساجد خصوصی محافل کا اہتمام کیا گیا۔ تمام تقریبات پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئیں۔
یوم عاشور کے موقع پر ضلع بھر میں 31 ماتمی جلوس اور 48 مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ جہلم شہر سے چار بڑے مرکزی جلوس برآمد ہوئے جن میں دربار سخی شاہ بھور، شمالی محلہ، بیٹھک شیخ مراد بخش، اور امام بارگاہ جعفریہ سے نکالے گئے جلوس شامل تھے، جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے چوک اہلحدیث پہنچے جہاں نماز جمعہ ادا کی گئی۔ بعد ازاں جلوس سول لائن روڈ، امامیہ امام بارگاہ اور ساحل کالونی سے ہوتا ہوا بیعت العباس بلال ٹاؤن کے مقام پر اختتام پذیر ہوا۔
ضلعی انتظامیہ، پولیس، خفیہ اداروں، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، میونسپل کمیٹی، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے۔ ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو تعینات کیا گیا جن میں لیڈیز پولیس، ایلیٹ فورس اور کوئیک رسپانس ٹیمز بھی شامل تھیں۔ جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر دو سے تین مراحل کی تلاشی، خاردار تاروں کی تنصیب، سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جاتی رہی۔ کئی مقامات کو حساس قرار دے کر ماہر نشانہ باز چھتوں پر تعینات کیے گئے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے شہر کا دورہ کرتے ہوئے سیف سٹی کنٹرول روم اور جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی، طبی سہولیات اور نگرانی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں محرم کے انتظامات کو مثالی بنایا گیا ہے۔ بلال اظہر کیانی نے امن کمیٹی، علماء، جلوس منتظمین اور عزاداروں کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری، ڈی ایس پیز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور تمام ایس ایچ اوز موقع پر موجود رہے اور انتظامات کا خود جائزہ لیتے رہے۔ جلوسوں کے دوران جگہ جگہ سبیلیں قائم کی گئیں جبکہ زنجیر زنی کے فوراً بعد ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کا عملہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتا رہا۔
دینہ کے تاریخی قلعہ روہتاس میں یوم عاشور کا چار صدیاں پرانا جلوس بھی نکالا گیا جس میں شبیہ روزہ حضرت عباس علمدارؑ کی تیاری اور شرکت میں اہلسنت و شیعہ افراد کی مشترکہ شرکت نے مسلکی بھائی چارے کی عظیم مثال قائم کی۔ جلوس کی قیادت نقارہ بردار اونٹ پر سوار دف نوازوں نے کی اور تمام جلوس سید شاہ کمال چشتی کے مزار پر اختتام پذیر ہوئے۔
ادھر ایس پی انویسٹی گیشن سکندر گوندل نے پنڈ دادنخان میں عاشورہ جلوسوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی کے تمام انتظامات، افسران کی الرٹ ڈیوٹیز، چیکنگ پوائنٹس اور عمارتوں پر نشانہ بازوں کی تعیناتی کا جائزہ لیا۔ جلوس منتظمین اور شرکاء سے ملاقات کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور محرم کے حوالے سے اہم ہدایات بھی جاری کیں۔
