پنڈدادنخان کے علاقے پنڈی سید پور میں پی ایس پی لیگ کا آغاز

پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں پنڈی سید پور میں پاکستان سپر لیگ کے طرز پر مقامی سطح پر منعقد ہونے والی "پی ایس پی لیگ” کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا۔

اس منفرد لیگ میں چھ ٹیمیں "پی ایس پی قلندر، پی ایس پی یونائیٹڈ، پی ایس پی وارئیرز، پی ایس پی نائٹ، پی ایس پی کنگ اور پی ایس پی مارخور ” شامل ہیں، جو اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہیں۔

لیگ کا انعقاد مقامی نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کیا ہے تاکہ کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے اور کرکٹ کے شوق کو عملی شکل دی جا سکے۔ پہلے ہی دن میچوں نے شائقین کرکٹ کا جوش و خروش دوگنا کر دیا، گراؤنڈ میں شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔

مقامی شائقین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند تفریح کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ منتظمین کے مطابق لیگ کا فائنل میچ آئندہ ہفتے کھیلا جائے گا، جس میں جیتنے والی ٹیم کو خصوصی ٹرافی اور انعامات دیے جائیں گے۔

Exit mobile version