پیرس: ایفل ٹاور کی تیسری منزل کو تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کی وجہ سے چھ جنوری سے سات فروری 2025 تک عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
ایفل ٹاور کی تیسری منزل کی بلندی پر خراب موسم، منفی درجہ حرارت، بارش، برف، اولے، سورج کی شدت اور خصوصاً تیز ہواؤں کے سبب سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے اس کی دیکھ بھال ضروری ہے۔ زمین پر ہوا کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے کی صورت میں ٹاور کے اوپری حصے پر یہ رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔
اس دوران خصوصی طور پر دوسری منزل سے اوپر جانے والی لفٹوں کی دیکھ بھال اور پرزوں کی تبدیلی کی جائے گی۔ مزید برآں تعمیراتی کاموں میں سینیٹری سہولیات، سیڑھیاں، فرش، شیشے کے فریم، لائٹنگ اور ریڈی ایٹرز کی مرمت بھی شامل ہے۔
تعمیراتی کاموں کے دوران سیاح لفٹ یا سیڑھیوں کے ذریعے ایفل ٹاور کی دوسری منزل تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
