جہلم: چودھری محمد عارف صدر مرکزی انجمن تاجران جہلم نے دفتر محتسب پنجاب جہلم کا دورہ کیا اور کہا محتسب پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے ضلع جہلم کی عوام الناس کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشفاق احمد رانا کو مستقل طور پر بطور ایڈوائزر محتسب پنجاب جہلم تعینات کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشفاق احمد رانا کی تعیناتی کے بعد لوگوں کے مسائل حل ہونا شروع ہو گئے ہیں خصوصی طور پر میونسپل کمیٹی جہلم کے خلاف لوگوں کے مسائل بابت صفائی، سیوریج اور خصوصاً تجاوزات کے حوالے سے کیونکہ دکاندار وں نے اپنی دکانوں کے سامنے ریڑھی بانوں کو بٹھایا ہوا تھا اور ان سے کرایہ وصول کر رہے تھے کافی حد تک حل ہوچکے ہیں اور اب جہلم شہر میں صفائی کے لحاظ سے نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس جہلم میں 82 ٹریڈز ہیں۔
مزید براں انہوں نے اشفاق احمد رانا ایڈوائزر محتسب پنجاب ریجنل دفتر جہلم کو دعوت دی کہ دفتر محتسب پنجاب کے متعلق آگاہی کے حوالے سے انجمن تاجران جہلم کے پلیٹ فارم پر سیمینار منعقد کروایا جائے تاکہ لوگوں میں محتسب پنجاب دفتر کے متعلق آگاہی پیدا ہو سکے۔
