دینہ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے 4 افراد کو زخمی کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ دینہ کے علاقے موٹاغربی میں شادی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے جس پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ دینہ پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گزشتہ روز شادی کی تقریب کے دوران پرانی رنجش کے باعث امجد پٹواری گروپ اور پہلوان گروپ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد 45 سالہ عصمت، 30 سالہ عثمان، 28 سالہ توصیف اور 54 سالہ قیصر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زخمی عثمان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جسے بہتر طبی سہولیات کے لیے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نائب تحصیلدار کے بیٹے کے دعوتِ ولیمہ میں دونوں گروپوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران معمولی تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں بدل گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ دینہ اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے، علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات کو قابو میں کیا گیا اور مرکزی ملزم کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
