منگلا ڈیم سے دریائے جہلم میں پانی چھوڑنے کا فیصلہ، نشیبی علاقوں کیلئے الرٹ جاری

منگلا/ جہلم: منگلا ڈیم سے دریائے جہلم میں ہزاروں کیوسک پانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے دریائے جہلم کے کنارے آباد مکینوں کے لیے ایک اہم اور ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے۔ منگلا ڈیم سے ضرورت کے مطابق مختلف اوقات میں زیادہ سے زیادہ 66,800 کیوسک پانی دریائے جہلم میں چھوڑا جائے گا، جس کے باعث دریا میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پانی کے بہاؤ میں اچانک اور تیز اضافہ نہ صرف دریا کے کنارے رہنے والے افراد بلکہ قریبی نشیبی علاقوں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ تیز رفتار پانی انسانی جانوں، بالخصوص بچوں اور بزرگوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے بھی شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریا میں نہانے، کشتی رانی، دریا عبور کرنے یا مویشیوں کو پانی پلانے کے لیے دریا میں لے جانے سے مکمل طور پر اجتناب کریں۔ خصوصاً والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں دریا کے قریب جانے سے روکیں۔

ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ معمولی سی لاپرواہی کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔ بروقت احتیاط، ذمہ داری کا مظاہرہ اور سرکاری ہدایات پر عملدرآمد ہی قیمتی انسانی جانوں اور بے زبان مویشیوں کو محفوظ رکھنے کی ضمانت ہے۔

عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھیں۔ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے محتاط رہیں، کیونکہ زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں۔

Exit mobile version