جہلم: مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینئر رہنما، عالمِ اسلام کی قدآور علمی و دینی شخصیت پروفیسر علامہ ساجد میر کی غائبانہ نماز جنازہ 9 مئی بروز جمعہ، نماز جمعہ کے بعد ضلع جہلم کی بڑی مساجد میں ادا کی جائے گی۔
مرکزی جامع مسجد چوک اہل حدیث میں نماز جنازہ کی امامت جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر کریں گے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنازہ زندہ افراد کے ذمے میت کا حق ہوتا ہے، اور پروفیسر ساجد میر جیسی علمی، دینی اور قیادت کی حامل شخصیت کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنا نہ صرف ایک فرض ہے بلکہ ان سے محبت و عقیدت کا اظہار بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی شخصیت سے دنیا بھر کے علمائے کرام، طلبہ اور عام مسلمان مستفید ہوئے ہیں۔ ان کی وفات عالم اسلام کا بڑا علمی و فکری نقصان ہے۔ عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نماز جنازہ میں شریک ہو کر اہل علم سے محبت اور عقیدت کا عملی ثبوت دیں۔
دیگر مساجد میں غائبانہ نماز جنازہ کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- جامعہ علوم اثریہ جہلم: حافظ عبدالغفور مدنی (جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان)
- جامع مسجد علیا بلال ٹاؤن: مولانا سیف اللہ اثری (شیخ الحدیث)
- جامع مسجد محمدی، محمدی چوک: مولانا سعد محمد مدنی (نائب ناظم اعلیٰ پنجاب)
- مرکزی جامع مسجد رحمت الٰہی، بلال ٹاؤن: مولانا عکاشہ مدنی (مدیر التعلیم)
- مرکزی جامع مسجد اہل حدیث، سوہاوہ: مولانا مفتی قطب شاہ
- مرکزی جامع مسجد اہل حدیث، دینہ: مولانا ذیشان ایوب
- مرکزی جامع مسجد محمدی اہل حدیث، پنڈدادنخان: مولانا حافظ ذیشان مشتاق
اس کے علاوہ دیگر مقامی اہل حدیث مساجد میں بھی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا جائے گا۔
