جہلم میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز، 423 افراد اور 173 گھروں کی چیکنگ، افغان شہری گرفتار

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران مشکوک افراد، گھروں، ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 15 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 423 افراد، 173 گھروں اور 25 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تھانہ سٹی کے علاقے سے ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد ہوا۔ اسی طرح تھانہ سوہاوہ کے علاقے میں غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری کو بھی گرفتار کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

پولیس حکام کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ضلع بھر میں مؤثر نگرانی و سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Exit mobile version