جہلم میں عالمی یوم سفید چھڑی کے موقع پر آگاہی ریلی، بصارت سے محروم افراد کے حقوق اور خودمختاری کے فروغ پر زور

جہلم: عالمی یومِ سفید چھڑی کے موقع پر بصارت سے محروم طلباء کے حقوق کے تحفظ، خودمختاری، مساوی مواقع اور معاشرتی شمولیت کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ روہتاس اسپیشل ایجوکیشن سینٹر برائے بصارت سے محروم بچے، جہلم کے اشتراک سے ایک خصوصی آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے بصارت سے محروم طلباء کے حقوق کے تحفظ، ان کی خودمختاری اور معاشرے میں ان کے باوقار مقام کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس جہلم سے ہوا، جو مقررہ راستے سے ہوتی ہوئی انصاف چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں بصارت سے محروم طلباء، سول سوسائٹی، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان، صحافی برادری، وکلاء، چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، تاجر برادری اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے خصوصی طلباء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور معاشرے میں ان کی مؤثر شمولیت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم طلباء معاشرے کا باصلاحیت اور قابلِ قدر حصہ ہیں۔ انہیں تعلیم، آمدورفت، روزگار اور زندگی کے دیگر شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کے مطابق سہولیات مہیا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مقررین نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ صحافی برادری نے ان افراد کے مسائل کو اجاگر کرنے، وکلاء نے ان کے قانونی و آئینی حقوق کے تحفظ، جبکہ تاجر برادری نے معاشی خودمختاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بصارت سے محروم افراد کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے سے انہیں معاشرے کا خودمختار، فعال اور باوقار حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

↑
Exit mobile version