کھیوڑہ سالٹ مائن میں نمک کا تودہ گرنے سے نوجوان مزدور جاں بحق

کھیوڑہ سالٹ مائن میں نمک کا تودہ گرنے سے نوجوان مزدور جاں بحق ہو گیا، جاں بحق ہونے والا مزدور پانچ بچوں کاباپ اور اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا۔ سیفٹی کے ناقص انتظامات سالٹ مائن میں حادثات معمول بن گئے ہیں، پی ایم ڈی سی انتظامیہ کی غفلت سے ہسپتال میں کئی سالوں ڈاکٹر تعینات نہ ہو سکا، متعدد بار حادثات کے دوران کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کی کھیوڑہ سالٹ مائن کے ورکنگ ایریا میں حادثے کے دوران نمک کا تودہ گرنے سے کھیوڑہ محلہ جوتانیہ کا رہائشی محمد عتیق ولد فدا حسین جاں بحق ہو گیا۔ ڈیڈ باڈی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈیڈ باڈی کو تابوت میں بند کر کے ورثاء کے پاس پہنچا دی۔

سالٹ مائن انتظامیہ کے افسران بالا کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کئی سالوں سے ہسپتال میں ڈاکٹر تعینات نہ ہو سکا، مائن میں جب بھی کوئی حادثہ رونما ہوتا ہے تو مریض کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یا پرائیویٹ ہسپتال بھیج دیا جاتا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اور چیئرمین پی ایم ڈی سی سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ خدا راہ سالٹ مائن میں دن رات محنت کرنے والے مزدوروں کے حالت زار پر رحم کریں اور فوری طور پر سالٹ مائن ہسپتال میں ڈاکٹر تعینات کریں اور آئے روز حادثات کو کنٹرول کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Exit mobile version