مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے غلہ منڈی میں اہلیان شہر اور تاجروں کی بڑی بیٹھک

پنڈدادنخان: مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے غلہ منڈی میں اہلیان شہر اور تاجروں پر مشتمل ایک بہت بڑی بیٹھک کا اہتمام کیا گیا جس میں تاجروں اور شہریوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

اجلاس میں للِہ تا جہلم ڈیول کیر ج وے کے باعث معاشی اور معاشرتی تباہی پر احتجاج کرتے ہوئے اس سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا گیا جبکہ شہر کی سڑکوں گلیوں محلوں نالیوں اور دیگر سٹرکچر کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث مونجوداڑو اور کھنڈرات کا منظر پیش کرتے ہوئے شہر کی حالت زار پر بھی غور غوض کیا گیا۔

اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی انجمن تاجران کے صدر چوہدری زبیر نے حالات کی بہترین انداز میں عکاسی کرتے ہوئے اہلیان شہر اور تاجروں سے موجودہ حالات کی بہتری کے لیے باقاعدہ طور پر تحریک چلانے کا کہا۔

حاضرین کی بہت بڑی تعداد نے موجودہ حالات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تحصیل پنڈ دادن خان کو صوبائی وفاقی حکومت اور دیگر محکموں کی طرف سے ترقیاتی طور پر بالکل نظر انداز کرنے پر احتجاجی کال پر لبیک کہتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا اور تاجروں سے تعلق رکھنے والے چوہدری محمد سلیم باگڑی نے کہا کہ ہماری یہ تباہی بربادی دو چار سال یا چند سال کا شاخشانہ نہیں ہے بلکہ گزشتہ کافی عرصے سے ہمیں مسلسل حکومتوں کی جانب سے نہ صرف نظر انداز کیا جا رہا ہے بلکہ اب تو پوزیشن یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ علاقہ معاشرتی طور پر بھی تباہ و برباد ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے مقامی طور پر یہاں بیٹی بیٹیوں کے رشتوں تک سے گریز کرنا شروع کر دیا، نقل مکانی کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، کاروبار بالکل تباہ و برباد ہو کر رہ گئے ہیں۔ سیاحوں کی آمد بالکل ختم ہو گئی ہے۔ تجارتی سرگرمیاں ختم ہونے سے یہاں معاشی بدحالی انتہائی عروج پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب لیڈروں کی طرف دیکھنے کا وقت اس لیے گزر گیا ہے کہ نیچے سے لے کر اوپر تک تمام انتظامیہ اور سیاست دانوں کو معلوم ہے کہ تحصیل کی کیا حالت ہے لیکن اس کے باوجود کوئی ٹس سے مس ہونے کے لیے تیار نہیں ہے اب اس کا ایک ہی حل رہ گیا ہے کہ ہم احتجاج کی جانب جائیں اور اپنا حق حاصل کرنے کے لیے اواز بلند کریں۔

Exit mobile version