وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی یونین کونسل چیئرمینوں اور انجمن تاجران کے وفود سے ملاقات

جہلم: وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اپنے عوامی رابطہ دفتر میں مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور انجمن تاجران کے وفود سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال، شہری ترقی، شہر کی خوبصورتی، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفود نے اپنے اپنے علاقوں، بازاروں اور شہری مسائل کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جبکہ وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی فلاح، شہری سہولیات کی بہتری، بنیادی مسائل کے حل اور تاجروں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

بعد ازاں وزیرِ مملکت نے یونین کونسل چیئرمینوں اور انجمن تاجران کے نمائندوں کے ہمراہ تحصیل روڈ بیوٹیفکیشن اور ماڈل بازار منصوبے پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران متعلقہ حکام نے منصوبے کی رفتار، معیار، تعمیراتی پیش رفت اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تحصیل روڈ بیوٹیفکیشن اور ماڈل بازار منصوبہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، ٹریفک کی بہتری اور شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہری ترقی، جدید انفراسٹرکچر اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ایسے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ مقامی معیشت اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

Exit mobile version