جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام اور امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، رواداری اور امن و امان کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امن کمیٹی کے ارکان نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے محرم الحرام کو پرامن بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر، اشتعال انگیز تقاریر اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کمشنر راولپنڈی کو مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے مرتب کیے گئے جامع پلان، پولیس نفری کی تعیناتی، حساس مقامات کی نگرانی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں، سڑکوں کی ضروری مرمت بروقت مکمل کی جائے اور لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں سمیت تمام ممکنہ خطرات کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے مناسب لائٹنگ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔
بعد ازاں کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا۔ انہیں بریفنگ دی گئی کہ جلوسوں کی نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
کمشنرنے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، بلدیاتی ادارے اور امن کمیٹی ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے تاکہ محرم الحرام کے تمام پروگرام پرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکیں۔
