واٹس ایپ ہیکنگ فراڈ میں اضافہ، محکمہ داخلہ کی ہنگامی ایڈوائزری جاری

جہلم: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں واٹس ایپ ہیکنگ اور نقالی پر مبنی فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں سرکاری افسران اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق پنجاب کے انتظامی محکموں، پولیس حکام اور فیلڈ فارمیشنز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں حاضر سروس سرکاری افسران کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سائبر مجرم ان اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کر کے متعلقہ افسران کے رابطوں کو جعلی پیغامات بھیجتے ہیں، جن میں عموماً ہنگامی مالی مدد کی درخواست کی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو دھوکہ دے کر رقم ہتھیائی جا سکے۔

ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ فراڈیے عوامی طور پر دستیاب معلومات، جیسے نام، عہدہ اور تصاویر استعمال کر کے جعلی مگر قابلِ یقین ڈیجیٹل شناخت تیار کرتے ہیں، جس کے باعث اس نوعیت کے جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

محکمہ داخلہ نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جائیں، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی غیر معمولی پیغام یا مالی درخواست پر عمل کرنے سے قبل اس کی مکمل تصدیق کی جائے، تاکہ ایسے فراڈ سے بچا جا سکے۔

Exit mobile version