پنڈدادنخان: وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے سپاہی محمد طیب کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر منگلا، اعلیٰ افسران، سول سوسائٹی اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے بہادر سپاہی محمد طیب کو جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے جھگیاں شریف میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید کا تعلق پنڈدادنخان کے علاقے مصطفیٰ آباد جھگیاں شریف سے تھا۔ وہ پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران وطنِ عزیز کی خاطر جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شہید کی نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈی پی او طارق عزیز سندھو، ڈی ایس پی پنڈ دادن خان، اعلیٰ عسکری و سول افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، وکلا، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد کور کمانڈر منگلا میجر جنرل نعمان زکریا نے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور خصوصی دعا کی۔ شہید کے جسدِ خاکی کو پرچم میں لپیٹ کر فوجی دستے نے سلامی دی۔ اس موقع پر فضا “اللہ اکبر” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات، تعزیت کی اور کہا کہ قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے، جنہوں نے وطن کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
شہید محمد طیب کے جنازے میں شریک ہزاروں شہریوں نے ان کی جرأت و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عہد کیا کہ ان کے خون کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ واقعی شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔
