پنڈدادنخان میں آتش بازی کے سامان کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، مختلف کارروائیوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان کی زیرِ نگرانی انچارج چوکی سٹی پنڈ دادنخان اور پولیس ٹیم نے آتش بازی کے سامان کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں سامانِ آتش بازی برآمد کیا گیا، جس پر انہیں حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
اسی تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے بھی آتش بازی کے سامان کے خلاف مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دو مزید ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد غیر قانونی طور پر سامانِ آتش بازی اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھے، جو عوامی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا تھا۔
ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں آتش بازی کا سامان برآمد کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی آتش بازی اور امن عامہ کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
