دینہ: حالیہ ناگہانی سیلابی صورتحال میں پاک آرمی، پنجاب پولیس، ریسکیو اداروں اور بالخصوص جہلم پولیس کا کردار غیر معمولی اور مثالی رہا، جسے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں نے سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
ان خیالات کا اظہار معروف سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری دلکش خان کھٹانہ نے ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دینہ کے ایک نجی میرج ہال میں منعقدہ تقریب میں چوہدری دلکش کھٹانہ نے شدید بارشوں کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ضلعی انتظامیہ، پاک آرمی، پنجاب پولیس اور ریسکیو اداروں نے جس جانفشانی سے عوام کی مدد کی وہ قابلِ تحسین ہے۔ بالخصوص جہلم پولیس نے میدانِ عمل میں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور انسانی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں نے سراہا ہے اور یہ ایک فخر کی بات ہے کہ ہمارے ادارے ہر آفت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی صدر سرکل جہلم محمد شہباز ہنجرا نے خطاب کرتے ہوئے عوام کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی ہر مشکل وقت میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
تقریب میں معروف قانون دان چوہدری نسیم اکبر، چوہدری سرفراز خان کھٹانہ، ملک آصف (کھاریاں)، صدر دینہ پریس کلب سید توقیر آصف شاہ، سینئر صحافی عرفان محبوب چوہدری سمیت علاقہ بھر کی معزز شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔
