پنڈدادنخان: سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات کی تعمیل میں آ ج گورنمنٹ ہائی سکول پنڈدادنخان میں تحصیل سطح پر ایک عظیم الشان محفل میلاد النبی ﷺ منعقد ہوئی۔
اس بابرکت تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد طلبہ نے محبت بھری آوازوں میں بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے نعت خوانی کی اور تقاریر کی صورت میں سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
تقریب کی صدارت گورنمنٹ ہائی سکول پنڈدادنخان کے پرنسپل چوہدری محمد اشرف نے کی جبکہ ڈی ای او سیکنڈری جہلم کے تحصیل فوکل پرسن راجہ اقرار افضل اور ڈپٹی ڈی ای او پنڈدادنخان عدیل عباس ملک نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر راجہ اقرار افضل نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں صبر و برداشت کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول پنڈدادنخان راجہ محمد امیر نے سکول کی طرف سے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ محفل کی نظامت کے فرائض محمد وسیم ٹیچر گورنمنٹ ہائی سکول پنڈدادنخان نے سرانجام دیے اور صحافی برادری کی نمائندگی حافظ طاہر ارشاد نے کی۔
تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی، جس کے بعد مہمانانِ گرامی کو ضیافت پیش کی گئی۔
